واشنگٹن، 24؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اور پاکستان کو بات چیت کے لیے آمادہ کرتے ہوئے اور اسٹریٹیجک استحکام کے لیے تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے امریکہ نے دونوں ممالک سے وسیع جوہری ٹیسٹ پابندی سمجھوتہ (سی ٹی بی ٹی )پر دستخط کرنے اور اس کی توثیق کرنے کے لیے کہا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے جوہری ہتھیاروں کے جوہری ٹیسٹ نہ کرنے کے لیے دو طرفہ معاہدے کی خاطرپاکستان کی طرف سے ہندوستان کو دی گئی حالیہ تجویزکاخیرمقدم کیا۔انہوں نے کل نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس اعلی سطحی مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک کوبات چیت کرنے کے لیے اور تحمل سے کام لینے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ اسٹریٹجک استحکام میں بہتری ہوسکے۔میرے خیال سے یہ ایسی تجویز ہے جس پر غور کرنے کا فیصلہ ہمیں ہندوستان پر چھوڑنا ہو گا ۔ٹونر نے کہا کہ ہمارے خیال سے دونوں ممالک کے لیے جوہری دھماکہ ٹیسٹ پر قانونی طور پر لازمی عہد کو نافذ کرنے کا سب سے زیادہ عملی طریقہ سی ٹی بی ٹی پردستخط کرنااوراس کی توثیق کرناہوگا۔پاکستان نے 12؍اگست کو کہا تھا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کا ٹیسٹ نہ کرنے پرمبنی دوطرفہ التوا پر ہندوستان کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کو تیار ہے۔